بھٹکل9جولائی (ایس او نیوز) انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کی نئی ایڈمنسٹریٹوعمارت کا افتتاح انشاءاللہ17 جولائی بروز اتوار صبح 10:30 بجے ہورہا ہے ، جس میں ضلع اُترکنڑا کے انچارج وزیراور وزیر صنعت مسٹر آر وی دیش پانڈے مہمان خصوصی کے طورپر تشریف فرما ہوں گے۔اس موقع پر پی جی بلاک (AITM) کا بھی افتتاح ہوگا۔ اس بات کی اطلاع انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے صدر جناب عبدالرحیم جوکاکو نے دی۔ پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ قوم کے سپوت مرحوم جوکاکو شمس الدین اور مرحوم ایس ایم یحیٰ کی خدمات کو دیکھتے ہوئے ایڈمنسٹریٹو عمارت کو یادگار کے طور پر مرحوم شمس الدین جوکاکو کے نام سے اور پی جی بلاک کو مرحوم ایس ایم یحیٰ کے نام سے موسوم کیا گیا ہے۔ہر طرح کی سہولیات سے لیس نئی ایڈمنسٹریٹو عمارت کو مرحوم جوکاکو شمس الدین کی فیملی کے افراد نے ہی اسپاﺅنسر کیا ہے۔ اور یہ خوبصورت عمارت انجمن آباد میں یوجی سی ہوسٹل سے متصل تیارہوچکی ہے۔اسی کے ساتھ ہی اولڈ بس اسٹائنڈ کے قریب اسلامیہ اینگلواُردو ہائی اسکول کی عمارت میں واقع انجمن کا دفتر اب جوکاکو شمس الدین میموریل ایڈمنسٹریٹو کی وسیع وعریض اور خوبصورت عمارت میں منتقل ہوگا۔ اور تمام دفتری اُمور اب اسی نئی عمارت میں انجام دئے جائیں گے۔ البتہ ٹمپو سروس حالیہ دفتر میں جاری رہے گی۔
خیال رہے کہ انجمن کے تحت بھٹکل میں 19 تعلیمی ادارے چلتے ہیں جس میں پرائمری سے لے کر ڈگری کورسس، بی سی اے، بی ایڈ، انجینرنگ اور ایم بی اے وغیرہ تک تعلیم دی جاتی ہے ۔ کافی عرصہ سے انجمن ایڈمنسٹریٹو دفتر کی کمی شدت کے ساتھ محسوس کی جارہی تھی، مگر اب اس عمارت کے افتتاح کے ساتھ ہی وہ کمی پوری ہوگی۔
افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی آر وی دیش پانڈے کے ساتھ ساتھ اعزازی مہمان کے طور پر بنگلور سٹی جامعہ مسجد کے امام و خطیب مولانا محمد مقصودعمران،مرور مسلم ایجوکیشن اینڈ ویلفئیر سوسائٹی جودھپور (راجستھان) کے جنرل سکریٹری مولانا عتیق ، بھٹکل رکن اسمبلی شری منکال وئیدیا اور سابق رکن اسمبلی جے ڈی نائک شریک ہوں گے۔
دو نئی عمارتوں کے افتتاح کے موقع پر سابق ڈپٹی منسٹر اور انجمن کے سابق جنرل سکریٹری مرحوم جوکاکو شمس الدین پرمعروف صحافی آفتاب حُسین کولا کا تحریر کردہ ایک کتابچے کا بھی اجرائ ہو گا جس کی اشاعت مجلس اصلاح و تنظیم نے کی ہے۔
انجمن کی جانب سے عوام الناس سےاپیل کی گئی ہے کہ17 جولائی کو صبح 10:15 بجے انجمن انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اینڈ مینجمنٹ (انجمن انجینرنگ کالج) میں تشریف لائیں اور دونوں نئی عمارتوں کی افتتاحی تقریب میں کثیر تعداد میں شرکت کریں۔